نئی دہلی، 29؍ ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے کے جاری کردہ قواعد کے مطابق فلائٹ کریو ممبرز اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی ان کے آجر اگلے سال 31 جنوری سے گانجا اور کوکین جیسی منشیات کی لت کاپتہ لگانے کیلئے جانچ کریں گے۔جاری کردہ ضوابط کے مطابق منشیات کے استعمال کا پھیلاؤ، ان کی عام دستیابی اور دنیا بھر میں منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد ہوا بازی کی حفاظت کیلئے ایک سنگین تشویش ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے جاری کردہ قواعد کے مطابق ایئر لائنز اور نیویگیشن سروس فراہم کرنے والوں میں ہر سال کم از کم 10 فیصد جہاز کے عملے کے ارکان، ایئر ٹریفک کنٹرولرز، نشہ آور ادویات کے استعمال کی جانچ کرنی ہوگی۔ قواعد کہتے ہیں کہ کمرشل ایئر کرافٹ آپریٹرز، مینٹیننس اینڈ ریپیر یونٹس، فلائٹ ٹریننگ آرگنائزیشنز اور ایئر نیوی گیشن سروس فراہم کرنے والے کسی بھی شخص کو مقرر کرنے یا ٹرینی پائلٹ بھرتی کرنے سے پہلے ان کے منشیات کے عادی ہونے کے حوالے سے جانچ کی جائے گی۔ ان اداروں کو ان تمام ہوا بازی کے اہلکاروں کی بھی جانچ کرنی ہوگی جنہوں نے متعلقہ ملک میں فلائٹ چلاتے ہوئے غیر ملکی ریگولیٹر کے ذریعے ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے۔ ایسے تمام ایوی ایشن ملازمین کو منشیات کی لت جیسے امفیٹامائنز، گانجا، کوکین، افیون، باربیٹوریٹس اور بینزودیازاپائنز کی سکریننگ کی جائے گی۔ اگر ہوا بازی کا کوئی کارکن ٹیسٹ میں ’مثبت‘ پایا گیا تو ڈی جی سی اے کو 24 گھنٹوں کے اندر مطلع کرنا پڑے گا۔اگر کوئی کارکن کام کے دوران دوسری مرتبہ ’مثبت‘ پایا گیا تو اس کا لائسنس تین سال کے لیے معطل کر دیا جائے گا اور اگر کوئی کارکن تیسری مرتبہ ’مثبت‘ پایا گیا تو لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔